Tag: urdupoetry (Page 9 of 39)

DARD KAM HONE LAGA ,AAO KE KUCH RAAT KATAY

درد کم ہونے لگا آؤ کہ کچھ رات کٹے
غم کی معیاد بڑھاؤ کہ کچھ رات کٹے

ہجر میں آہ و بکا رسمِ کہن ہے لیکن
آج یہ رسم ہی دہراؤ کہ کچھ رات کٹے

یوں تو تم روشنیِ قلب ونظر ہو لیکن
آج وہ معجزہ دکھلاؤ کہ کچھ رات کٹے

دل دکھاتا ہے وہ مل کر بھی مگر آج کی رات
اسی بے درد کو لے آؤ کہ کچھ رات کٹے

دم گھٹا جاتا ہے افسردہ دلی سے یارو
کوئی افواہ ہی پھیلاؤ کہ کچھ رات کٹے

میں بھی بیکار ہوں اور تم بھی ہو ویران بہت
دوستو آج نہ گھر جا ؤ کہ کچھ رات کٹے

چھوڑ آئے ہو سرِ شام اسے کیوں ناصر
اسے پھر گھر سے بلا لاؤ کہ کچھ رات کٹے


DARD KAM HONE LAGA ,AAO KE KUCH RAAT KATAY

Dard kam hone laga, aao ke kuch raat katay

Gham ki yaad barhao ke kuch raat katay

Hijr mein aah o baka rasam-e-kehn hai lekin

Aaj yeh rasam hi dehrao ke kuch raat katay

Yun to tum roshni-e-qalb o nazar ho lekin

Aaj woh mojiza dikhlaao ke kuch raat katay

Dil dikhata hai woh mil kar bhi magar aaj ki raat

Issi be-dard ko le aao ke kuch raat katay

Dam ghatta jaata hai afsurda dili se yaaro

Koi afwah hi phailao ke kuch raat katay

Main bhi bekaar hoon aur tum bhi ho veeraan bohot

Dosto, aaj na ghar jao ke kuch raat katay

Chhod aaye ho sar-e-shaam use kyun Nasir

Use phir ghar se bula lao ke kuch raat katay


GHULON SE GHUFTAGU KAREIN, QAYAMATON KE DARMIYAAN

گلوں سی گفتگو کریں، قیامتوں کے درمیاں
ہم ایسے لوگ اب مِلیں حکایتوں کے درمیاں

ہتھیلیوں کی اَوٹ ہی چراغ لے چلوں ابھی
ابھی سَحر کا ذکر ہے روایتوں کے درمیاں

جو دِل میں تھی نِگاہ سی، نِگاہ میں کِرن سی تھی
وہ داستاں اُلجھ گئی، وضاحتوں کے درمیاں

کوئی نگر، کوئی گلی، شجر کی چھاؤں ہی سہی
یہ زندگی نہ کٹ سکے مسافتوں کے درمیاں

اب اُس کے خال و خد کا رنگ مجھ سے پوچھنا عبث
نِگہ جھپک جھپک گئی اِرادتوں کے درمیاں

صبا کا ہاتھ تھام کر اداؔ نہ چل سکو گی تم
تمام عُمر خواب خواب ساعتوں کے درمیاں


HUM MUSAFIR YUNHI MASROOF -E-SAFAR JAEN GE

ہم مسافر یونہی مصروفِ سفر جائیں گے
بے نشاں ہو گئے جب شہر تو گھر جائیں گے

کس قدر ہو گا یہاں مہر و وفا کا ماتم
ہم تری یاد سے جس روز اتر جائیں گے

جوہری بند کیے جاتے ہیں بازارِ سخن
ہم کسے بیچنے الماس و گہر جائیں گے

نعمتِ زیست کا یہ قرض چکے گا کیسے
لاکھ گھبرا کے یہ کہتے رہیں، مر جائیں گے

شاید اپنا بھی کوئی بیت حُدی خواں بن کر
ساتھ جائے گا مرے یار جدھر جائیں گے

فیض آتے ہیں رہِ عشق میں جو سخت مقام
آنے والوں سے کہو ہم تو گزر جائیں گے


SABHI NADIYAN MUJH SE MILEIN MAGAR MEIN KISI SE JA KE MILA NAHIN

سبھی ندیاں مجھ سے ملیں مگر میں کسی سے جا کے مِلا نہیں
میرے دل کی سمت نہ دیکھو تم، کسی اور کا یہ مقام ہے

یہاں اس کی یادیں مقیم ہیں، یہ کسی کو میں نے دیا نہیں
مجھے دیکھ کے نہ جھُکا نظر، نہ کواڑ دل کے تو بند کر

تیرے گھر میں آؤں گا کس طرح کہ میں آدمی ہوں ہوا نہیں
میرے دل کی خوشبو سے بھر گیا، وہ قریب سے یوں گزر گیا

وہ میری نظر میں تو پھول ہے، اسے کیا لگا میں پتا نہیں
میری عمر بھر کی تھکاوٹیں، تو پلک جھپکتے اُتر گئیں

مجھے اتنے پیار سے آج تک کسی دوسرے نے چُھوا نہیں
یہ مقدروں کی لکھاوٹیں، جو چمک گئیں وہ پڑھی گئیں

جو میرے قلم سے لکھا گیا اسے کیوں کسی نے پڑھا نہیں
یہ بدر اب بھی سوال ہے، کہ بے رخی ہے کہ پیار ہے

کبھی پاس اس کے گیا نہیں کبھی دُور اس سے رہا نہیں


SAR SE PAON TAK WO GHULABOON KA SHAJAR LAGTA HAI

سر سے پا تک وہ گلابوں کا شجر لگتا ہے
باوضو ہو کے بھی چھوتے ہوئے ڈر لگتا ہے

میں ترے ساتھ ستاروں سے گزر سکتا ہوں
کتنا آسان محبت کا سفر لگتا ہے

مجھ میں رہتا ہے کوئی دشمن جانی میرا
خود سے تنہائی میں ملتے ہوئے ڈر لگتا ہے

بُت بھی رکھے ہیں، نمازیں بھی ادا ہوتی ہیں
دل میرا دل نہیں، اللہ کا گھر لگتا ہے

زندگی تو نے مجھے قبر سے کم دی ہے زمیں
پاؤں پھیلاؤں تو دیوار میں سر لگتا ہے​


HAMARA DIL SAWERE KA SUNEHRI JAAM HO JAYE

ہمارا دل سویرے کا سنہرا جام ہو جائے​
چراغوں کی طرح آنکھیں جلیں جب شام ہو جائے​

میں خود بھی احتیاطا” اُس طرف سے کم گزرتا ہوں​
کوئی معصوم کیوں میرے لیئے بدنام ہو جائے​

عجب حالات تھے یوں دل کا سودا ہو گیا آخر​
محبت کی حویلی جس طرح نیلام ہو جائے​

مجھے معلوم ہے اُس کا ٹھکانہ پھر کہاں ہو گا​
پرندہ آسماں چھونے میں جب ناکام ہو جائے​

سمندر کے سفر میں اس طرح آواز دے مجھ کو​
ہوائیں تیز ہوں اور کشتیوں میں شام ہو جائے​

اُجالے اپنی یادوں کے ہمارے ساتھ رہنے دو​
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جا


APNI RUSWAI, TERE NAAM KE CHARCHA DEKHON

اپنی رسوائی، ترے نام کا چرچا دیکھوں
اِک ذرا شعر کہوں اور میں کیا کیا دیکھوں

نیند آ جائے تو کیا محفلیں برپا دیکھوں
آنکھ کھُل جائے تو تنہائی کا صحرا دیکھوں

شام بھی ہو گئی، دھُندلا گئیں آنکھیں بھی مری
بھُولنے والے، میں کب تک ترا رَستا دیکھوں

ایک اِک کر کے مجھے چھوڑ گئیں سب سکھیاں
آج میں خُود کو تری یاد میں تنہا دیکھوں

کاش صندل سے مری مانگ اُجالے آ کر
اتنے غیروں میں وہی ہاتھ ، جو اپنا دیکھوں

تو مرا کُچھ نہیں لگتا ہے مگر جانِ حیات!
جانے کیوں تیرے لیے دل کو دھڑکتا دیکھوں!

بند کر کے مِری آنکھیں وہ شرارت سے ہنسے
بُوجھے جانے کا میں ہر روز تماشہ دیکھوں

سب ضِدیں اُس کی میں پوری کروں ، ہر بات سُنوں
ایک بچے کی طرح سے اُسے ہنستا دیکھوں

مُجھ پہ چھا جائے وہ برسات کی خوشبو کی طرح
انگ انگ اپنا اسی رُت میں مہکتا دیکھوں

پھُول کی طرح مرے جسم کا ہر لب کھِل جائے
پنکھڑی پنکھڑی اُن ہونٹوں کا سایا دیکھوں

میں نے جس لمحے کو پُوجا ہے، اُسے بس اِک بار
اب بن کر تری آنکھوں میں اُترتا دیکھوں

تو مری طرح سے یکتا ہے، مگر میرے حبیب!
میں آتا ہے، کوئی اور بھی تجھ سا دیکھوں

ٹُوٹ جائیں کہ پگھل جائیں مرے کچے گھڑے
تجھ کو میں دیکھوں کہ یہ آگ کا دریا دیکھوں


WO DARD, WO WAFA, WO MUHABAT TAMAM SHUD

وہ درد، وہ وفا، وہ محبت تمام شُد
لے! دل میں تیرے قُرب کی حسرت تمام شُد

یہ بعد میں کھُلے گا کہ کِس کِس کا خوں ھُوا
ھر اِک بیان ختم، عدالت تمام شُد

تُو اب تو دشمنی کے بھی قابل نہیں رھا
اُٹھتی تھی جو کبھی وہ عداوت تمام شُد

اب ربط اِک نیا مجھے آوارگی سے ھے
پابندیِ خیال کی عادت تمام شُد

جائز تھی یا نہیں تھی، تیرے حق میں تھی مگر
کرتا تھا جو دل کبھی وہ وکالت تمام شُد

وہ روز روز مرنے کا قِصہ ھوا تمام
وہ روز دِل کو چیرتی وحشت تمام شُد

محسن میں کُنجِ زیست میں چُپ ہوں پڑا
مجنُوں سی وہ خصلت و حالت تمام شُد


MERA ZARF SAMJHO YA MERI ZAAT KA PARDA

میرا ظرف سمجھو یا میری ذات کا پردہ

‎جب میں بکھرتا ہوں تو خاموش رہتا ہوں


HONTOON PE KABHI UN KE MERA NAAM HE AYE

ہونٹوں پہ کبھی ان کے میرا نام ہی آئے
آئے تو سہی بر سرِ الزام ہی آئے
حیران ہیں، لب بستہ ہیں، دل گیر ہیں غنچے
خوشبو کی زبانی تیرا پیغام ہی آئے
لمہحاتِ مسرت ہیں تصوّر سے گریزاں
یاد آئے ہیں جب بھی غم و آلام ہی آئے
تاروں سے سجالیں گے رہ شہرِ تمنّا
مقدور نہیں صبح ، چلو شام ہی آئے
کیا راہ بدلنے کا گلہ ہم سفروں سے
جس راہ سے چلے تیرے در و بام ہی آئے
تھک ہار کے بیٹھے ہیں سرِ کوئے تمنّا
کام آئے تو پھر جذبئہِ نام ہی آئے
باقی نہ رہے ساکھ ادا دشتِ جنوں کی
دل میں اگر اندیشہ انجام ہی آئے


« Older posts Newer posts »